ناندیڑ: ۲۰؍جون (اعتمادنیوز)اردھاپور میں عاشق جوڑے کے ساتھ مارپیٹ کرکے
ویڈیو کلپ بناکر واٹس اپ پر پھیلانے والے نوجوانوں کے خلاف پولس میں مقدمہ
درج کرکے ۵؍ملزمین کو گرفتار کیا گیاتھا ۔ ان ملزمین کو ابتداء میں ۴؍دن کی
پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات جج نے دئیے تھے ۔ آج پولس کسٹڈی کی معیاد
ختم ہونے پر عدالت میں دوبارہ پیش کیاگیا جج نے مزید تین دن تک پولس کسٹڈی
میں رکھنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اردھاپور کے ہی رنویر
راؤت عرف ببلو یہ ۱۹؍سالہ لڑکا اپنی ایک ۱۷؍سالہ سہیلی کے ساتھ کھیت میں
بیٹھ کر بات چیت کررہا تھا ۔ ۱۲؍جون کو ۱۰؍تا ۱۲؍نوجوان چہروں پر دستی
باندھ کرآئے اور انہوں نے اس عاشق جوڑے کے ساتھ مارپیٹ کرکے اس کی ویڈیو
کلپ بنائی تھی ۔ واٹس اپ پر کلپ آنے کے بعد ببلو کی شکایت پر پولس نے
نامعلوم ۱۰؍تا ۱۵؍افراد کے خلاف لڑکا ، لڑکی کو مارپیٹ کرنے ، ان کا
موبائل
اور رقم چھیننے ،لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کے ساتھ پیش آنے کے معاملے میں
مقدمہ درج کرکے سنگین دفعات لگائے تھے ۔ انسپکٹر گائیکواڑ نے اس معاملے میں
شیخ کلیم شیخ سلیم ، معیز خان آغاخان ، شیخ سمیر شیخ نذیر ، ضمیر احمد
نذیر احمد ، عبدالغفار شیخ حمزہ ان پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا ۔
عدالت میں گزشتہ دنوں ۱۶؍جون کو ان ملزمین کو پیش کرنے پر ۴؍دن کی پولس
کسٹڈی کے احکامات جج نے دئیے تھے ۔ آج دوبارہ ان ملزمین کو عدالت میں پیش
کیا گیا ۔ جج نے مزید تین دن کی پولس کسٹڈی میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ اس
طرح سے پانچوں ملزمین کی پولس کسٹڈی میں آج مزید تین دن کا اضافہ ہو ا جبکہ
پولس کے مطابق شیخ حنیف شیخ حفیظ ، محمد اویس محمد عارف، شاہ رخ پٹیل شیرو
پٹیل یہ تین ملزم ابھی بھی فرار ہیں ۔ جبکہ ایک ۱۶؍سالہ لڑکے کو پولس نے
گرفتار کیا تھا چونکہ یہ لڑکا کمسن ہے اس لئے عدالت نے اس کی ضمانت آج
منظور کی ہے ۔